فلسطینیوں کے حق میں آج ریلیاں

فلسطینیوں کے حق میں آج ریلیاں و جلوس نکالنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک: فلسطینیوں کے حق میں آج ریلیاں و جلوس نکالنے کا فیصلہ، مجلس اتحاد امت کے زیراہتمام قومی فلسطین کانفرنس کا اعلامیہ جاری، جمعیت علمائے اسلام بھی آج اسرائیلی بربریت کیخلاف مظاہروں کا اعلان کر چکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مجلس اتحاد امت نے آج جمعتہ المبارک کو یوم مظلوم و محصورین فلسطین کے طور پر منانے، اور فلسطینیوں کے حق میں آج ریلیاں و جلوس نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مجلس اتحاد امت کے زیراہتمام قومی فلسطین کانفرنس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔
قومی فلسطین کانفرنس کے جاری اعلامیہ میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ غیر مشروط جنگ بندی تک اسرائیل کیساتھ تعلقات قائم کرنے والے ممالک سے سفارتی تعلقات ختم کئے جائیں، کانفرنس کے شرکاء نے سلامتی کونسل اجلاس فوری طلب کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
فلسطین کے مظلوم و نہتے عوام سے یکجہتی کیلئے جمعیت علمائے اسلام بھی آج تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں اسرائیلی بربریت کیخلاف مظاہروں کا اعلان کر چکی ہے، اس لئے جے یو آئی کارکن نماز جمعہ کے بعد ہر ضلع میں احتجاجی مظاہرے کریں گے۔
جماعت اسلامی آج فلسطین سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر میں مارچ کرے گی، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان لاہور مال روڈ پر مرکزی مارچ کی قیادت کریں گے۔

مزید پڑھیں:  سکیورٹی خدشات: شمالی وزیرستان میں کرفیو دوسرے روز بھی نافذ