ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا میں اساتذہ کی 16ہزار 454 خالی آسامیوں پر بھرتی کے پہلے مرحلے کا کل سے آغاز ہو گا، اس دوران 80 ہزار سے زائد امیدوار ایٹا کے تحت تحریری امتحان میں شرکت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اساتذہ کی 16ہزار 454 خالی آسامیوں میں سی ٹی، آئی ٹی بی پی ایس 12 کی 109 اور اے ٹی بی پی ایس 15 کی 494 آسامیاں شامل ہیں، ان میں قاری/ قاریہ بی پی ایس 12 کی 29 آسامیاں بھی شامل ہیں، ان آسامیوں پر ٹیسٹ رواں ماہ کی 12 اور 13 تاریخوں کو ہوں گے۔
اساتذہ ٹیست کیلئے ایٹا کی جانب سے تمام امتحانی مراکز کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، اور ان امتحانی مراکز پر دفعہ 144 بھی نافذ کر دی گئی ہے، اور اس کے ساتھ ساتھ غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بھی بند کر دیا گیا ہے۔
امتحانی دن کیلئے پولیس کی جانب سے سیکیورٹی پلان بھی جاری کر دیا گیا ہے، جبکہ تمام مراکز پر سیکیورٹی اہلکار تعینات کر دیئے گئے ہیں، خواتین اہلکاروں، تکنیکی آلات اور چیکنگ پوائنٹس کے ذریعے سخت نگرانی کی جائے گی۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایٹا کے مطابق امتحان شفاف اور پرامن ماحول میں منعقد کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے گئے ہیں، جبک ہامیدوار کسی جعلساز کے جھانسے میں نہ آئیں، امیدوار اپنی محنت اور دیانتداری سے امتحان دینے کی کوشش کریں۔
انہوں نے کہا کہ امیدوار غیر قانونی ذرائع سے اجتناب کریں، تاکہ ان کی محنت رائیگاں نہ جائے، کیونکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک ہیں، شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے میں امیدوار اپنا کردار ادا کریں۔
