ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے ضلع مردان میں پولیس سے کراس فائرنگ میں منشیات فروش ہلاک جبکہ 2اہلکار زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع مردان کے تھانہ پار ہوتی کے علاقہ میں پولیس اور منشیات فروش کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا، اس دوران دو اہلکار زخمی جبکہ پولیس سے کراس فاءرنگ میں منشیات فروش ہلاک ہو گیا، واقعہ کے بعد نعش اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
دورانِ گشت تھانہ پار ہوتی پولیس نے بدنام زمانہ منشیات فروش حائستہ الرحمان عرف "رخمانے” ولد گل رحمان سکنہ محلہ باچہ گان، سکندرے کو گرفتار کرنے کی کوشش کی، جو تھانہ پار ہوتی کو منشیات کے مقدمے میں اشتہاری اور مطلوب تھا۔
ملزم نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی فائرنگ کر دی اور اس دوران فرار ہونے کی کوشش میں تھا، کہ اس دوران پولیس اہلکاران ہارون اور جاوید فائرنگ کی زد میں آ کر زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کی جانب سے کی گئی جوابی فائرنگ میں ملزم ہلاک ہو گیا، ہلاک ملزم کے خلاف اس سے قبل 20 سے زائد منشیات کے مقدمات درج تھے، جن میں وہ گرفتار اور سزا یافتہ بھی رہ چکا تھا۔ جائے وقوعہ سے اسلحہ پستول اور دیگر شواہد تحویل میں لے کر مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ڈی پی او مردان ظہور بابر آفریدی نے زخمی اہلکاروں کی جرات و بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔
