ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سے ڈیل کی بات اعظم سواتی کی اپنی ہے، اس حوالے سے کوئی بات میرے علم میں نہیں۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کے حوالے سے سوالات پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ سے ڈیل کی بات اعظم سواتی کی اپنی ہے، اس سے پی ٹی آئی کا کوئی لینا دینا نہیں، اگر اعظم سواتی اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات میں ایسی کوئی راہ نکالتے ہیں تو وہ اصول کی بنیاد پر ہونی چاہیے۔
لاہور میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے باہر صحافیوں سے بات چیت میں سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سے ڈیل کی بات اعظم سواتی اپنے طور پر کہہ رہے ہیں، جب تک بانی پی ٹی آئی عمران خان سے بات نہیں ہوتی تب تک کچھ نہیں کہہ سکتے، اس حوالے سے کی جانیوالی کوئی بھی بات پارٹی کی جانب سے نہیں کی جا رہی ، بلکہ ہم اپنی طرف سے کوئی راہ نکالیں گے جو اصول کی بنیاد پر ہوگی۔
سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی کا کہنا تھا ہم ہمیشہ شفاف انتخابات اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں، اور چاہتے ہیں کہ لوگ اغوا نہ ہوں، لاپتہ نہ ہوں، یہ سب ہمارا نصب العین ہے، اگر کوئی بات آگے بڑھتی ہے جس میں شخصی آزادیاں اور بنیادی حقوق کو بحال کیا جاتا ہے تو بسم اللہ، لیکن اگر کوئی یہ سوچ رہا ہے کہ پتلی گلی سے نکلنے کی کوشش کی جا رہی ہے تو ایسا ہرگز نہیں ہو سکتا۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران سے ملاقات ہوگی تو صورتحال واضح ہو جائے گی ،اسی لیے سابق وزیراعظم سے ملاقات نہیں کرنے دی جا رہی تاکہ اس سلسلے میں موجود ابہام برقرار رہے، او رلوگ تذبذب کا شکار ہوں، ملاقات کے بعد پتہ چلے گا کہ انہوں نے کسی کو مذاکرات کا کہا ہے یا نہیں۔
گزشتہ روز جے یو آئی کے رہنما سینیٹر کامران مرتضیٰ نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کے ان رابطوں پر ہمارے تحفظات ہیں، پی ٹی آئی کے سینیٹر ڈاکٹر ہمایوں مہمند نے ہم سے رابطہ کر کے اس کی تردید کی ہے لیکن ہم چاہیں گے کہ اس معاملے پر اسد قیصر وضاحت کریں۔
