ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی ووٹ بچانے کیلئے نہروں کے معاملے پر احتجاج کا ڈرامہ رچا رہی ہے، حالانکہ نہروں کا معاملہ سب سے پہلے پی ٹی آئی نے اٹھایا تھا۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا کہ نہروں کے معاملے پر قوم کو گمراہ کیا جا رہا ہے، اس سلسلے میں خیبرپختونخوا کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ صدر زرداری نے یا تو سندھ کے عوام کے پیٹ میں چھرا گھونپا ہے یا پھر ان کی یاداشت جواب دے گئی ہے۔ پیپلزپارٹی کو دونوں میں سے ایک بات ماننی پڑے گی، دونوں کی تردید ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ صدر مملکت آصف زرداری کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں تو وہ ملک کے اعلیٰ ترین عہدے پر کیوں براجمان ہیں؟ انہیں فوری طورپر مستعفی ہوجانا چاہیے، پیپلزپارٹی ووٹ بچانے کیلئے نہروں کے معاملے پر احتجاج کا ڈرامہ رچا رہی ہے، جبکہ نہروں کی منطوری خود صدر زرداری نے دی تھی، اور اب اس معاملے پر بلاول کی مخالفت سمجھ سے بالاتر ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بلاول احتجاج کرنے کی بجائے اپنے والد سے پوچھیں کہ انہوں نے یہ منظوری کیوں دی، نہروں کا معاملہ سب سے پہلے پی ٹی آئی نے اُٹھایا تھا، اور اب پی پی محض سیاسی فائدے کیلئے قوم کو گمراہ کررہی ہے، خیبر پختونخوا کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائیگا ،اور عوام کو سچ سے آگاہ رکھاجائیگا۔
