امریکی فوجی اڈے کی کمانڈر برطرف

ٹرمپ پالیسیوں سے انحراف، گرین لینڈ میں امریکی فوجی اڈے کی کمانڈر برطرف

ویب ڈیسک: ٹرمپ پالیسیوں سے انحراف کی وجہ سے گرین لینڈ میں امریکی فوجی اڈے کی کمانڈر برطرف کر دی گئیں۔
امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق کرنل مائرز کی برطرفی کی وجہ ان کا ٹرمپ انتظامیہ کی گرین لینڈ سے متعلق پالیسی سے مبینہ انحراف بتایا جا رہا ہے۔ پینٹاگون ترجمان کے مطابق صدر ٹرمپ کے ایجنڈے سے ہٹ کر کسی بھی طرزِ عمل کو وزارت دفاع میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ کرنل سوزن مائرز کو گزشتہ روز اس وقت برطرف کیا گیا جب امریکی فوج کے حوالے سے رپورٹنگ کرنے والی ایک آزاد نیوز ویب سائٹ نے ایک رپورٹ میں ان کی ای میل کا ذکر کیا۔
صدر ٹرمپ نے عہدہ سنبھالنے کے بعد سے گرین لینڈ (جو ڈنمارک کا خودمختار علاقہ ہے) پر امریکی کنٹرول کی خواہش ظاہر کررکھی ہے جس پر ڈنمارک اور گرین لینڈ کے سیاستدانوں نے شدید اعتراضات کیے ہیں۔
نائب امریکی صدر جے ڈی وانس نے پٹفک بیس میں اپنی تقریر کے دوران ڈنمارک پر تنقید کی تھی جس پر مقامی سطح پر شدید ردعمل سامنے آیا، رواں ماہ کے آغاز میں نیٹو میں امریکی ملٹری کمیٹی کی نمائندہ ایک نیوی ایڈمرل کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔
پینٹاگون ترجمان شان پارنل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ میں مائرز کی برطرفی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ پالیسیوں سے انحراف پر گرین لینڈ میں امریکی فوجی اڈے کی کمانڈر برطرف کی گئی ہیں۔

مزید پڑھیں:  پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخاب بارے فیصلہ ہوچکا، چیف الیکشن کمشنر