ویب ڈیسک: سٹیج، فلم اور ٹیلی ویژن کے نامور اداکار و کامیڈین جاوید کوڈو طویل علالت کے بعد 63برس کی عمر میں انتقال کر گئے ۔
اہل خانہ نے جاوید کوڈو کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ بلڈ پریشر، شوگر سمیت مختلف بیماریوں میں مبتلا تھے اور جنرل .سپتال میں زیر علاج تھے۔
جاوید کوڈو نے 1980 کی دہائی میں اپنے فنی سفر کا آغاز کیا اور اپنی منفرد اداکاری، مزاحیہ انداز اور چھوٹے قد کی وجہ سے جلد ہی عوام میں مقبولیت حاصل کر لی۔
انہوں نے 150 سے زائد اردو و پنجابی فلموں، سینکڑوں اسٹیج ڈراموں اور ٹی وی شوز میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
ان کی صحت کے مسائل کئی برسوں پر محیط رہے 2016{میں انہیں دماغ کی شریان میں خرابی کے باعث گنگا رام .سپتال منتقل کیا گیا تھا، جب کہ بعد ازاں ایک ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے کے بعد ان کا کولہے کی ہڈی کا آپریشن بھی کیا گیا۔
جاوید کوڈو تین بیٹوں اور بیوہ کو سوگوار چھوڑ گئے ہیں{ ان کی نماز جنازہ کے وقت اور مقام کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
وزیرِ اعظم نے جاوید کوڈو کی وفات پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ جاوید کوڈو جو کہ اپنے چھوٹے قد اور قدآور اداکاری کی وجہ سے مشہور تھے، کی وفات سے میڈیا انڈسٹری میں ایسا خلا پیدا ہوگیا ہے جو شاید کبھی پر نہ ہو۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہماری تمام تر ہمدردیاں مرحوم جاوید کوڈو کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔
