ویب ڈیسک: غزہ پر ظلم و بربریت کی داستان رقم کرنے والے دہشت گرد اسرائیلی حملوں میں مزید 37فلسطینی شہید ہو گئے، جبکہ ان کارروائیوں کے دوران متعدد افراد زخمی بھی ہو چکے ہیں، ان حالیہ بمباری کے واقعات کے دوران شہید ہونے والوں میں 6 بھائی بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق اتوار کو غزہ کے علاقے دیر البلح میں بھوک و افلاس کا شکار فلسطینیوں کو ظالم صیہونی افواج نے نشانہ بنایا، اس دوران شہید ہونے والے ان 37 فلسطینیوں میں خوراک تقسیم کرنے والے 6 بھائی بھی شامل تھے جن کی عمریں 10 سے 34 سال کے درمیان بتائی جا رہی ہیں۔
شہید بیٹوں کے والد زکی ابو مہدی کا کہنا ہے کہ ان کے بیٹے جنگ کے آغاز سے ہی ضرورت مندوں کی مدد کر رہے تھے اور ان کے پاس کوئی ہتھیار نہیں تھا، ان نہتے بھائیوں پر بمباری کر کے اسرائیل نے اپنے ظالم چہرے اور دہشتگردی پر مہر تصدیق ثبت کر دی۔
عرب میڈیا کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ پٹی کے مختلف علاقوں میں ہونے والے دہشت گرد اسرائیلی حملوں میں مزید 37فلسطینی شہید جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
