عمران خان سے ملاقاتیوں کا تعین

عمران خان سے ملاقاتیوں کا تعین کرنے کیلئے پانچ رکنی کمیٹی قائم

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے بانی عمران خان سے ملاقاتوں کا تعین کرنے کیلئے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے، جو کہ سابق وزیراعظم سے ملاقاتوں کیلئے نام جیل حکام کو ارسال کریگی۔
پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کا ایک اہم اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور پارٹی کے داخلی نظم و ضبط کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔
اجلاس میں چیئرمین عمران خان سے جیل میں ملاقاتوں کے نئے طریقہ کار کی منظوری دی گئی، اور سیاسی کمیٹی کے متفقہ فیصلہ کے مطابق عمران خان سے ملاقاتیوں کا تعین کرنے کیلئے پانچ رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی، جو کہ ہر منگل اور جمعرات کو ملاقات کے خواہشمند افراد کی فہرست مرتب کرے گی۔
ان فہرستوں کی منظوری چیئرمین عمران خان خود دیں گے جس کے بعد یہ فہرست ان کے نامزد کردہ فوکل پرسنز گوہر علی خان،سلمان اکرم راجہ یا انتظار پنجھوتہ کے ذریعے جیل حکام کو ارسال کی جائے گی۔
ترجمان تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم کے مطابق فہرست کے بغیر کسی بھی شخص کو چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں ہوگی اور خلاف ورزی کو پارٹی ڈسپلن کی سنگین خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر فہرست میں شامل کسی فرد کو جیل انتظامیہ ملاقات سے روکتی ہے تو باقی افراد بانی چیئرمین سے بطور احتجاج ملاقات نہیں کریں گے اور اس اقدام کے خلاف فوری طور پر عدالت عالیہ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کی جائے گی۔
اس فیصلے سے خیبر پختونخوا کے حکومتی عہدیداروں کو استثنیٰ حاصل ہوگا،جنہیں کسی بھی دن اور وقت چیئرمین سے ملاقات کا اختیار حاصل ہوگا۔

مزید پڑھیں:  کوہاٹ، سونے کی غیر قانونی کان کنی میں ملوث 4 افراد گرفتار