تاروجبہ میں ایکسائز پولیس پر فائرنگ

تاروجبہ میں ایکسائز پولیس پر فائرنگ، 3 اہلکار شہید، سب انسپکٹر زخمی

ویب ڈیسک: تاروجبہ میں ایکسائز پولیس پر فائرنگ کا واقعہ رونما ہوا، جس میں 3 اہلکار شہید جبکہ سب انسپکٹر زخمی ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع نوشہرہ کے علاقے تاروجبہ میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایکسائز موبائل سکواڈ کے دو کانسٹیبلز اور ایک ڈرائیور شہیدجبکہ سب انسپکٹر شدید زخمی ہو گیا،حملہ آورسفید ڈبل کیبن گاڑی میں سوار تھے جو واردات کے بعد فرار ہو گئے۔
پشاور ایکسائز پولیس کے سب انسپکٹر محمد فاروق ولد بہادر خان ساکن شریف آباد مردان نے زخمی حالت میں بتایا کہ میں ایکسائز پولیس کے کانسٹیبلز مجاہد ولد خورشید ساکن لوند خوڑ مردان، افتخار ولد میراخان ساکن انبار صوابی اور پرائیویٹ ڈرائیور شبیر ولد بشیر ساکن اٹک خورد کے ہمراہ جی ٹی روڈ فروٹ منڈی کے قریب موجود تھے کہ ہمیں اطلاع ملی کہ کچھ نامعلوم افراد بذریعہ ڈبل کیبن منشیات پنجاب سمگل کر رہے ہیں۔
ان کے مطابق اسی دوران ایک ڈبل کیبن ریوو گاڑی جس پر کالی نمبر پلٹ لگی تھی نے ہماری گاڑی کو کراس کیا ہم نے مذکورہ گاڑی کا پیچھا کیا اور اسے رکنے کا اشارہ کیا تو گاڑی روکتے ہی گاڑی میں بیٹھے نامعلوم افراد نے ہم پر فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں میرے ساتھی ایکسائز پولیس کے کانسٹیبل مجاہد،افتخاراور پرائیویٹ ڈرائیور شبیر موقع پر جاں بحق ہوگئے۔
رپورٹ میں ان کا مزید کہنا تھا کہ تاروجبہ میں ایکسائز پولیس پر فائرنگ کے واقعہ میں میں شدید زخمی ہوگیا اور گاڑی کو بھی فائرنگ سے شدید نقصان پہنچا، سی ٹی ڈی پولیس نے پشاور ایکسائز پولیس کے مجروح سب انسپکٹر محمد فاروق کی مدعیت میں مقدم درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے ۔

مزید پڑھیں:  پشاور: نامعلوم مسلح افراد نے سکول ٹیچر کو قتل کر دیا، مقدمہ درج