ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا حکومت نے جنوبی وزیرستان کیلئے 2 ارب 58 کروڑ روپے سے زائد رقم پر مشتمل ایک جامع ترقیاتی منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔ منصوبہ ”سپیشل انٹیگریٹڈ ایریا ڈویلپمنٹ پروگرام” کے تحت جنوبی وزیر ستان کے لیے تیار کیا گیا ہے جس کا مقصد ضم شدہ اضلاع میں خصوصاً جنوبی وزیرستان میں ترقیاتی سرگرمیوں کو تیز کرنا ہے۔
منصوبے کی ابتدائی لاگت 2ارب 18 کروڑ روپے تھی تاہم نظرثانی شدہ پی سی ون کے تحت لاگت میں 40 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ کرتے ہوئے اسے 2ارب 58کروڑ روپے کر دیا گیا ہے۔ منصوبے کے لیے فی الحال 90 کروڑ روپے کی رقم مختص کر دی گئی ہے۔
مجوزہ منصوبہ مختلف محکموں کی معاونت سے مکمل کیا جائے گا جن میں مقامی حکومت، آبپاشی، زراعت، لائیوسٹاک، انڈسٹریز (ٹیوٹا)، یوتھ افیئرز، کھیل، ثقافت، جنگلات، ماحولیات، اور دیگر محکمے شامل ہیں۔ دستاویز کے مطابق مقامی حکومت کیلئے 4کروڑ 93 لاکھ، آبپاشی کیلئے 3کروڑ 79 لاکھ ، زراعت، انڈسٹری، کھیل، یوتھ افیئرز، سوشل سیکٹر، جنگلات، اور یوتھ انٹرن شپ کے لیے الگ الگ رقوم رکھی گئی ہیں۔
یوتھ انگیجمنٹ انٹرن شپ پروگرام کے لیے رقم 45 لاکھ سے بڑھا کر ڈیڑھ کروڑ کر دی گئی ہے ٹیوٹا انڈسٹری کے لیے مختص رقم میں بھی 12 کروڑ سے زائد کا اضافہ کیا گیا ہے اسی طرح سمال میڈیم انٹرپرائز ، کھیل، یوتھ افیئرز، اور نان ٹمبر فارسٹ پروڈکٹس جیسے نئے شعبے بھی شامل کیے گئے ہیں محکمہ ترقی ومنصوبہ بندی کے مطابق یہ منصوبہ 2024 سے 2027 کے دوران تین سال میں مکمل کیا جائے گا اور اس میں شامل مختلف محکمے اپنی اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
