ترسیلات زر کا ریکارڈ سطح

ترسیلات زر کا ریکارڈ سطح پر پہنچنا اوورسیز کےاعتمادکامظہرہے،شہبازشریف

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے ترسیلات زر بڑھنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترسیلات زر کا ریکارڈ سطح پر پہنچنا سمندر پار پاکستانیوں کے اعتماد کا مظہر ہے، یہ ان کا اعتماد ہی ہے جس کی بدولت آج ترسیلات زر 4 زرب ڈالر کی حد بھی عبور کر گئی۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر کا تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی بھی ایک ماہ میں 4 ارب ڈالر کی حد عبور کرنا باعث مسرت ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے مارچ 2025ء میں ترسیلاتِ زر کا حجم 4.1 بلین ڈالر کی تاریخی سطح پر پہنچنے پر کہا کہ مارچ 2025 میں ترسیلات زر ایک ماہ میں ریکارڈ کی گئی تاریخ کی بلند ترین سطح 4.1 بلین ڈالر جبکہ رواں مالی سال اب تک ترسیلات زر مجموعی طور پر 28 بلین ڈالر تک پہنچ گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال مارچ کے مقابلے میں رواں سال مارچ میں ترسیلات زر میں 37اعشاریہ 4 فیصد اضافہ ہوا ہے، اسلام آباد میں جاری اوورسیز پاکستانیز کنونشن کے تناظر میں ترسیلات زر کا ریکارڈ سطح پر پہنچنا سمندر پار پاکستانیوں کے اعتماد کا مظہر ہے۔ سمندر پار پاکستانی بیرون ملک دن رات محنت اور لگن سے کام کرکے ناصرف ملک و قوم کا نام روشن کرتے ہیں بلکہ ترسیلات زر سے ملکی معیشت کو فائدہ پہنچاتے ہیں۔
دوسری طرف پاکستانی ترسیلات زر مالی سال کے 9 ماہ میں 28 ارب ڈالر کی سطح عبورکرگئی، جس کے ساتھ ہی ریکارڈ قائم ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملکی تاریخ میں پہلی بار پاکستانی ترسیلات زر مالی سال کے 9 ماہ میں 28 ارب ڈالر کی سطح عبورکرگئی، اس حوالے سے سٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ ترسیلات زر کی آمد پہلی بار 4 ارب 10 کروڑ ڈالر کی سطح کو چھونے لگی ، جس سے ملکی ترسیلات زر ایک ماہ میں 37 اعشاریہ 3 فیصد اور ایک سال میں 29 اعشاریہ 8 فیصد بڑھی ہیں۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستان کو سب سے زیادہ ترسیلات سعودی عرب سے 98 کروڑ 73 لاکھ امریکی ڈالر موصول ہوئے، متحدہ عرب امارات سے 84 کروڑ 21 لاکھ ڈالر، برطانیہ سے 68 کروڑ 39 لاکھ ڈالرز اور امریکا سے 41 کروڑ 95 لاکھ ڈالر موصول ہوئے۔

مزید پڑھیں:  پشاور :نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے وکیل میاں جمال شاہ کو قتل کردیا