ویب ڈیسک: افغان وزیر خارجہ اور پاکستانی ہیڈ آف مشن کی ملاقات گزشتہ روز کابل میں ہوئی، اس دوران دیگر اہم امور سمیت افغان مہاجرین کی واپسی زیربحث رہی۔
کابل میں پاکستانی ہیڈ آف مشن عبیدالرحمٰن نظامانی نے افغان وزیر خارجہ ملا امیر متقی سے ملاقات کی، اس دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلقات، افغان مہاجرین کی باعزت واپسی اور خطے میں استحکام کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماوں کے مابین ہونے والی ملاقات میں دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے، ملاقات میں مختلف باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور مستقبل میں تعاون بڑھانے پر آمادگی ظاہر کی گئی۔ پاک افغان حکام نے بات چیت کے عمل کو جاری رکھنے اور وفود کے تبادلوں کو فروغ دینے پر بھی باہمی رضامندی ظاہر کی۔
سفارتی ذرائع کے مطابق یہ ملاقات خوش گوار ماحول میں ہوئی، اس موقع پر دونوں فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ دوطرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے لیے رابطے جاری رکھنا ضروری ہیں۔ افغان مہاجرین کی واپسی سے متعلق انسانی اور باعزت حل تلاش کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
