ویب ڈیسک: ضلع کرک میں اراضی تنازعہ پر عوام اور گیس کمپنی انتظامیہ میں تصادم ہوا جس سے 4 ایف سی اہلکار زخمی ہو گئِے۔ تفصیلات کے مطابق ضلع کرک میں مکوڑی ریگ تھری میں زمین کے تنازعے پر عوام اور گیس کمپنی انتظامیہ کے درمیان جھڑپ ہوئی، اس واقعے میں عوام کے پتھراؤ سے فرنٹیئر کانسٹیبلری کے 4 اہلکار زخمی ہو گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس جھڑپ کے دوران ایف سی اہلکاروں نے عوامی حملے سے بچاؤ کے لیے ہوائی فائرنگ کی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم مشتعل عوام نے احتجاجاً ریگ جانے والی مرکزی سڑک بلاک کر دی، جبکہ مختلف مساجد میں عوام سے احتجاج میں شرکت کی اپیلیں کی گئیں۔
تنازعہ زمین کے مالکان اور کمپنی کے درمیان معاہدے کی خلاف ورزی پر شروع ہو، اس حوالے سے علاقہ عمائدین کا کہنا ہے کہ کمپنی نے مقامی زمینوں پر زبردستی قبضہ کیا ہے اور پہلے سے طے شدہ معاہدوں سے بھی انحراف کر رہی ہے۔
مقامی افراد کا مطالبہ ہے کہ کمپنی فوری طور پر معاہدے کی پاسداری کرے اور زمین مالکان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
