ویب ڈیسک: پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تیزی دیکھی جا رہی ہے، اس دوران 100 انڈیکس میں 1200 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے کے ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 16 ہزار100 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔
کاروباری ہفتے کے پہلے روز کاروبار کے دوران سٹاک ایکسچینج میں تیزی دیکھی گئی، جہاں کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1200 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دوپہر 12 بج کر 50 منٹ پر انڈیکس 984 اعشاریہ 09 پوائنٹس یا 0 اعشاریہ 86 فیصد اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 15 ہزار 837 اعشاریہ 42 کی سطح پر موجود تھا جو دوران کاروبار 1 لاکھ 16 ہزار100 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔
کاروباری دن کے دوران آٹوموبائل اسیمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینک، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن، آئل مارکیٹنگ کمپنیز اور پاور جنریشن جیسے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری دیکھنے میں آئی۔ انڈیکس میں بھاری وزن رکھنے والے سٹاکس جیسا کہ ہبکو، ایس این جی پی ایل، او جی ڈی سی، پی پی ایل، پی او ایل، ایچ بی ایل، ایم سی بی اور یو بی ایل کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور وہ سبز نشان میں ٹریڈ ہوتے رہے۔
عالمی منڈیوں میں پیر کو بہتری دیکھی گئی، خاص طور پر جب وائٹ ہاؤس نے سمارٹ فونز اور کمپیوٹرز کو مجوزہ امریکی ٹیرف سے مستثنیٰ قرار دے دیا، تاہم امریکی صدر ٹرمپ نے اشارہ دیا کہ آئندہ ہفتے سیمی کنڈکٹرز پر ٹیرف عائد کیے جائیں گے جبکہ موبائل فونز پر فیصلہ جلد متوقع ہے۔
ٹرمپ کی پالیسی میں اتار چڑھاؤ کے باعث سرمایہ کاروں میں الجھن اور طویل المدتی غیر یقینی صورتحال برقرار ہے، جس پر ماہرین نے محتاط رویہ اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
