ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا پولیس ٹیسٹ پاس کرنیوالے اُمیدواروں کا مطالبات کے حق میں مظاہرہ، اسمبلی چوک میں جمع ہو گئے، اور خیبر پختونخوا اسمبلی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
خیبرپختونخوا پولیس ٹیسٹ پاس کرنیوالے امیدواروں نے اپنے مطالبات کے حق میں خیبر پختونخوا اسمبلی چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا، اس دوران مظاہرین نے خیبر روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا، تاہم اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی تھی۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے، جن پر ان کے مطالبات درج تھے، جبکہ انہوں نے اپنے مطالبات کیلئے نعرہ بازی کی، سڑک بندش سے گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں، اور بدترین ٹریفک جام رہا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہم نے پولیس میں بھرتی کیلئے گزشتہ سال ایپلائی کیا تھا، اس دوران ایک ہزار اُمیدواروں نے این ٹی ایس پاس کیا، انٹرویو بھی ہوئے لیکن بھرتی نہیں کیا جا رہا، اس کے بعد 520 لڑکوں نے سپیشل برانچ اور بورڈ تصدیق کیلئے رقم بھی جمع کرائی کہ ان کا سلیکشن ہوا ہے، جبکہ اب صرف 93 امیدواروں کو میڈیکل کیلئے طلب کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب کہا جا رہا ہے کہ آسامیاں نہیں، ہمارا ایک سال ضائع کیا اور اب اپنا حق بھی نہیں دے رہے ہیں، اس سے قبل 2023میں 25نمبروں پر فیل لوگ بھرتی کئے جاتے تھے، اور اب ہمیں 55اور 70پر بھی بھرتی نہیں کیا جا رہا ہے، زیادہ تر لڑکوں کا اوور ایج ہونیکا خدشہ ہے، جو اب اگر منتخب نہ ہوئے تو آئندہ پولیس بھرتی کیلئے ایپلائی بھی نہیں کر سکیں گے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہمارے والدین بھی اس حوالے سے بہت فکر مند ہیں، مظاہرین نے وزیر اعلیٰ اور آئی جی خیبر پختونخوا سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لے کر ہمیں انصاف دلایا جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ کار وسیع کرینگے۔
