ویب ڈیسک: مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں ہونے والے اسرائیل حماس جنگ بندی مذاکرات بغیر پیشرفت کے ختم ہو گئے، اس حوالے سے کوشش کی گئی کہ کسی طرح جنگ بندی کرائی جا سکے۔
ذرائع کے مطابق قاہرہ میں اسرائیل حماس جنگ بندی مذاکرات اور جنگ بندی معاہدے کی بحالی سمیت اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے لیے بارآور کوششیں کی گئیں، لیکن تازہ مذاکرات کسی نمایاں پیش رفت کے بغیر ہی انجام کو پہنچ گئے۔
اس حوالے سے گزشتہ روز فلسطینی اور مصری ذرائع نے بتایا کہ حماس نے اپنا مؤقف برقرار رکھا ہے کہ کسی بھی معاہدے کا نتیجہ جنگ کے مکمل خاتمے پر نکلنا چاہیے۔ یہ بھی دیکھا جا رہاہے کہ اسرائیل کسی جنگ بندی معاہدے کو خاطر میں نہِیں لا رہا، جنوری میں طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کے ناکام ہونے کے بعد گزشتہ ماہ اسرائیل نے دوبارہ غزہ میں اپنی فوجی کارروائیاں شروع کیں اور اس کا اصرار ہے کہ وہ جب تک حماس کو مکمل طور پر شکست نہ دے دے حملے جاری رکھے گا۔
دوسری طرف حماس کا کہنا ہے کہ جنگ کے خاتمے اور غزہ سے انخلا کے بدلے یرغمالیوں کی ایک ساتھ حوالگی کے لیے تیار ہیں مگر اسرائیلی تجویز جنگ کے مکمل خاتمے کے لیے نہیں، صرف یرغمالیوں کی واپسی کے لیے ہے۔
