ویب ڈیسک: کرک میں انڈس ہائی وے پر ٹریلر اور وین میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق جبکہ 8 زِخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق حادثہ کرک انڈس ہائی وے پر لکی غنڈکی کے قریب پیش آیا، جہاں ٹریلر اور وین میں خوفناک تصادم سے 10 قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں، جبکہ اس حادثے میں 8 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں ٹریلر مدمقابل آنے والی مسافر وین پر چڑھ گیا، جس کے باعث کئی مسافر وین کے اندر پھنس کر رہ گئے، حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد سمیت ریسکیو اہلکار امدادی کارروائیوں میں مصروف ہوگئے۔
امدادی کارروائیوں میں مصروف مقامی افراد اور ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ اب تک 10 لاشیں ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کی جا چکی ہیں، جبکہ زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔
