ویب ڈیسک: سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان کا دورہ کرنے والے امریکی ارکان کانگریس کے وفد نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کا ذکر تک نہیں کیا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا ہے کہ میں نے امریکی وفد سے ملاقات میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور چیف وہپ عامر ڈوگر کو ڈنر پر بلایا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے عاطف خان اور ڈاکٹر امجد کو نہیں بلایا تھا جس کا ثبوت موجود ہے، یہ موقع تھا کہ پی ٹی آئی رہنما امریکیوں سے بیٹھ کر بات کرتے جن سے وہ مدد مانگتے ہیں۔
ایاز صادق کے مطابق پاکستان کا دورہ کرنے والے امریکی ارکان کانگریس نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کا ذکر تک نہیں کیا، تینوں امریکی ارکان کانگریس نے کہا کہ ان کا پاکستان کی اندرونی سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے بتایا کہ ترکیہ نے غزہ کی صورت حال پرکانفرنس رکھی ہے، اس میں چند اسپیکرز کو بلایا گیا ہے، غزہ پر کانفرنس میں شرکت کروں گا اور پاکستان کا مقف پیش کروں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جیسے ہم کشمیر کی بات کرتے ہیں ویسے ہی فلسطین کی بات کررہے ہیں، فلسطین میں بچیاورعورتیں شہید ہو رہے ہیں،مسلم امہ وہ کردار ادا نہ کرسکی جو کرنا چاہیے تھا۔
