شہری وطن واپسی کی تیاری کریں

پاکستان سےشکایت نہیں، شہری وطن واپسی کی تیاری کریں،افغان قونصل جنرل

ویب ڈیسک: صوبائی دارالحکومت پشاور میں تعینات افغان قونصل جنرل حافظ محب اللہ شاکر نے افغانیوں‌کی وطن واپسی کے حوالے سے کہا ہے کہ پاکستان سے کوئی شکایت نہیں، افغان شہری وطن واپسی کی تیاری کریں، افغان حکومت نے پاکستان میں مقیم افغان شہریوں کی واپسی کے لیے تیاری مکمل کرلی ہے، اس حوالے سے خصوصی کمیشن بھی قائم کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے محب اللہ شاکر کا کہنا تھا کہ افغان شہریوں کی وطن واپسی کے لیے کیمپ قائم کیے گئے ہیں، اور انہیں کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچانے کیلئے ٹرانسپورٹ سمیت تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ، افغان شہریوں کی واپسی سے امیر خوش ہیں، ہم وطنوں‌کی واپسی سے نہ صر ف انہیں بلکہ خود افغانوں کو بھی سکون میسر ہوگا.
افغان قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان میں رہنے والے افغانوں نے یہاں چار دہائیوں تک تعلیم، کاروبار اور روزگار کے مواقع سے فائدہ اٹھایا اور یہاں حلال رزق کمایا، جس پر ہم پاکستان کے مشکور ہیں، تاہم اب وقت آ گیا ہے کہ وہ اپنے وطن واپس جا کر ملکی ترقی میں کردار ادا کریں، اب افغانستان آزاد ہے، وہاں نہ روسی افواج ہیں اور نہ ہی امریکی.
انہوں نے مزید بتایا کہ ملک میں امن و استحکام کی فضا قائم ہے، افغانستان میں پانی اور زمین کی کوئی کمی نہیں، پورا ملک آباد کیا جائے گا، عوام کو تمام تر سہولیات بہم پہنچائی جا ئیں گی. خواتین کی تعلیم کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر حافظ محب اللہ نے جواب دیا کہ اسلام تعلیم کا درس دیتا ہے، اور افغانستان میں تعلیم پر کوئی پابندی نہیں، تاہم طرزِ تعلیم پر نظرثانی کی جا رہی ہے۔
پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ خواتین کی تعلیم کے لیے الگ ادارے قائم کیے جائیں گے تاکہ ان کے لیے محفوظ ماحول میسر ہو، اب تک 76 ہزار افغان مہاجرین پاکستان سے افغانستان واپس جا چکے ہیں، اور باقی شہریوں سے بھی درخواست ہے کہ شہری وطن واپسی کی تیاری کریں.
انہوں نے کہا کہ پاکستان سے کوئی شکایت نہیں، یہاں مہاجرین کے ساتھ مکمل تعاون کیا گیا، مگر اپنا وطن، اپنا ہی ہوتا ہے، افغانستان کے مشران اپنے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، کسی کو تشویش کی ضرورت نہیں۔

مزید پڑھیں:  جنوبی وزیرستان: دوتانی قبائل کا دہشتگردوں کیخلاف متحد ہونے کا اعلان