ویب ڈیسک: ضمنی الیکشن میں حلقہ این اے 213 عمرکوٹ میں پولنگ شروع ہو گئی ہے، اس دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ حکام الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو کہ شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔
حلقہ این اے 213 عمرکوٹ کی نشست پر پیپلزپارٹی کی صباء تالپور اور اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار لال چند مالہی میں کڑا مقابلہ متوقع ہے، اس نشست پر پی ٹی آئی، جی ڈی اے، جے یو آئی اور جماعت اسلامی سمیت 18 امیدوار قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد 6 لاکھ 8 ہزار 997 ہے، جن کیلئے حلقے میں مجموعی پولنگ سٹیشنز 498 ہیں، جن میں 269 کو حساس اور 91 کو انتہائی حساس قرار دے دیا گیا ہے، پولنگ کے دوران امن وامان برقرار رکھنے کیلئے پولیس اور رینجرز کے دستے تعینات کئے گئے ہیں۔
صوبہ سندح میںہونے والے ضمنی انتخاب کے باعث عمر کوٹ کے ضلع بھر میں آج عام تعطیل کی گئی ہے، اس لئے تمام تعلیمی اداروں سمیت تمام دفاتر بند ہیں، یاد رہے نشست پیپلزپارٹی کے نواب یوسف تالپور کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔
