احساس پروگرام مزید بہتر بنانے

پشاور، احساس پروگرام مزید بہتر بنانے کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل

ویب ڈیسک: احساس پروگرام مزید بہتر بنانے کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل، تمام محکموں کو اپنے متعلقہ پروگراموں پر مقررہ ٹائم لائنز کے مطابق عملدرآمد اور پیشرفت یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈا پور کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں احساس امبریلا کے تحت مختلف پروگراموں پر عمل درآمد اور اب تک کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، ان پروگراموں میں احساس اپنا گھر، احساس نوجوان، احساس ہنر اور احساس روزگار شامل ہیں۔
متعلقہ اراکین صوبائی کابینہ کے علاوہ متعلقہ محکموں اور شراکت دار اداروں کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر متعلقہ انتظامی سیکرٹریز کو اپنے اپنے پروگراموں کی مکمل اونر شپ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ مذکورہ احساس پروگراموں پر عمل درآمد کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لئے متعلقہ محکموں کی سطح پر خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔
محکمے اپنے متعلقہ پروگراموں پر مقررہ ٹائم لائنز کے مطابق عملدرآمد اور پیشرفت یقینی بنائیں، اور ان پروگراموں کے تحت قرضوں کی فراہمی کے عمل کو تیز کیا جائے۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ یہ صوبائی حکومت کے اہم فلاحی منصوبے ہیں، ان پر عملدرآمد میں تاخیر قابل قبول نہیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ سوشل میڈیا کے ذریعے ان پروگراموں کی بھر پور تشہیر کی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ان سے مستفید ہوسکیں۔ مزید برآں وزیر اعلیٰ نے ان پروگراموں میں صوبے کے تمام اضلاع کو آبادی کے تناسب سے کوٹہ فراہم کرنے اور ان پروگراموں میں خواتین، خصوصی افراد، نوجوانوں اور خواجہ سرائوں سمیت تمام طبقات کی شمولیت کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
اجلاس میں متعلقہ حکام کی طرف سے پروگراموں پر عملدرآمد کے سلسلے میں اب تک کی پیش رفت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ احساس نوجوان پروگرام کے دو مختلف کمپوننٹس کا اجراء کر دیا گیا ہے۔ احساس نوجوان پروگرام کے پہلے مرحلے پر ایک ارب روپے کی لاگت سے بنک آف خیبر کے ذریعے عمل درآمد جاری ہے، پروگرام کے تحت قرضوں کے حصول کیلئے کل 9976 درخواستیں موصول ہوئی ہیں، اس مرحلے کے تحت اب تک نوجوانوں کے 47 کلسٹرز میں 11 کروڑ روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں جبکہ 120 کیسز چھان بین کے مراحل میں ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے پروگرام کے تحت کیسز پراسس کرنے کے عمل کو سادہ اور مختصر رکھنے کی ہدایت کی اور تاکید کی کہ اگلے ایک ہفتے میں واضح پیش رفت نظر آنی چاہیے۔ حکام نے آگاہ کیا کہ احساس نوجوان پروگرام کا دوسرا مرحلہ دو ارب روپے کی لاگت سے اخوت کے تعاون سے لانچ کیا گیا ہے، اب تک پروگرام کیلئے 20 کروڑ روپے جاری کئے گئے جو سارے تقسیم کئے جا چکے ہیں، مختلف اضلاع سے 1390 مستحق افراد اس پروگرام کے تحت بلاسود قرضہ حاصل کر چکے ہیں۔ پروگرام کے تحت مزید 2600 درخواست گزاروں کو بلاسود قرضے فراہم کرنے کا عمل جاری ہے۔ احساس پروگرام مزید بہتر بنانے کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں.

مزید پڑھیں:  اپر کرم میں فائرنگ سے 2افراد جاں بحق