گنڈاپور کیخلاف ملک بھر میں 73ایف

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کیخلاف ملک بھر میں 73ایف آئی آرز درج ہیں

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کیخلاف ملک بھر میں 73ایف آئی آرز درج ہیں۔ پاکستان میں کسی بھی موجودہ وزیر اعلیٰ کیخلاف درج مقدمات میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سب زیادہ مقدمات میں نامزد ہیں، عمران خان کے بعد پی ٹی آئی میں سب سے زیادہ مقدمات علی امین گنڈاپور کیخلاف درج ہیں۔
علی امین گنڈاپور کیخلاف 73ایف آئی آرز جبکہ ایک انکوائری جاری ہے۔ ملک بھر میں سب سے زیادہ مقدمات بانی پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف 200سے زائد ہیں، ان کے بعد سب سے زیادہ مقدمات علی امین گنڈاپور کیخلاف درج کئے گئے ہیں۔
پشاور ہائی کورٹ میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین کیخلاف درج مقدمات اور انکوائریز کے حوالے سے اہم تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ پراسیکیوٹر نیب نے عدالت میں بتایا ہے کہ وزیر اعلیٰ کیخلاف صرف ایک انکوائری زیر التوا ہے، جس کی تفصیلات وزیر اعلیٰ اور ان کے وکیل کو فراہم کی جا چکی ہیں۔
عدالت میں موجود ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ خیبر پختونخوا میں وزیر اعلیٰ کے خلاف کوئی انکوائری تو زیر التوا نہیں لیکن 8 ایف آئی آرز درج ہیں جن کی تفصیلات بھی وزیر اعلیٰ کو دے دی گئی ہیں۔
اسی طرح ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اسلام آباد میں وزیر اعلیٰ کے خلاف 32 جبکہ پنجاب میں 33 ایف آئی آرز درج ہیں جن کی مکمل تفصیلات وزیر اعلیٰ کو فراہم کر دی گئی ہیں۔ فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعلیٰ کے خلاف مزید کارروائیوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ عدالت نے تمام متعلقہ اداروں سے مزید تفصیلات طلب کی ہیں ۔

مزید پڑھیں:  ٹرمپ نے بین الاقوامی طلبہ پر ہارورڈ یونیورسٹی کے دروازے بند کر دیئے