ویب ڈیسک: مائنز اینڈ منرلز ایکٹ پر عوامی نیشنل پارٹی نے اے پی سی طلب کر لی، اس سلسلے میں گزشتہ روز میاں افتخار حسین کی سربراہی میں ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس کے فیصلوں کے مطابق آل پارٹیز کانفرنس 23 اپریل کو بدھ کے روز باچا خان مرکز پشاور میں منعقد ہوگی۔
اے پی سی میں صوبے کی سطح پر سیاسی جماعتوں اور دیگر نمائندوں تنظیموں کو دعوت دی جائے گی جبکہ 21 اپریل کو باچا خان مرکز میں تمام ضلعی صدور اور سیکرٹریز کا خصوصی اجلاس شیڈول کیا گیا ہے جس میں ضلعوں کی سطح پر مائنز اینڈ منرلز ایکٹ کے بارے میں مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
قبل ازیں کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر میاں افتخار حسین نے کہا کہ متنازعہ مائنز اینڈ منرلز ایکٹ صوبائی خودمختاری کے مکمل خلاف ہے، صوبائی اسمبلی میں پیش ہونے والا بل اٹھارہویں آئینی ترمیم کو رول بیک کرنے کی سازش ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی اس سازش کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گی اس طرح کے جابرانہ فیصلے نہ ہم نے پہلے مانے ہیں اور نہ اب مانیں گے۔ اس طرح کے غیر آئینی اقدامات میں ملوث لوگ اس قوم اور سرزمین کے مجرم ہیں ہمیں اپنے حق کیلئے مزید مشکل فیصلے لینے پر مجبور نہ کیا جائے۔ یاد رہے کہ مائنز اینڈ منرلز ایکٹ پر عوامی نیشنل پارٹی نے اے پی سی طلب کر لی.
