ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے وفاقی وزیر پیٹرولیم کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پر جھوٹے اور من گھڑت الزامات لگائے ہیں، مائنز اینڈ منرلز بل کے حوالے سے وفاق کیساتھ کوئی معاہدہ نہیں ہواہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر اپنے بیان کا ثبوت دیں، وگرنہ ان کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتے ہیں، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے مائنز اینڈ منرلز بل کے حوالے سے کوئی دستخط نہیں کیے، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پر جھوٹے الزامات لگانے پر قانونی چارہ جوئی کریں گے۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا کہ مائنز اینڈ منرلز بل خیبر پختونخوا کے معدنی وسائل کے استعمال اور صوبے کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے بنایا گیا ہے، تاہم مائنز اینڈ منرلز بل کے حوالے سے وفاق کیساتھ کوئی معاہدہ نہیں ہوا ہے۔ اس قانون کے بنانے میں ایس آئی ایف سی یا وفاقی حکومت سے ڈکٹیشن لینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
صوبائی مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ یہ خیبر پختونخوا کی ترقی اور ملکیتی معدنی ذخائر کے تحفظ اور ترقی کا قانون ہے، جس کے بنانے میں کسی بیرونی اثر و رسوخ کو خاطر میں نہیں لایا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر دیگر صوبوں نے وفاق کی ہدایات پر قانون سازی کی ہے، تو وہ ان کا اختیار ہے، خیبر پختونخوا کی حکومت نے آزاد حیثیت میں صوبے کے عوام کے مفادات کو مدنظر رکھ کر قانون سازی کی ہے۔ یاد رہے کہ بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پر جھوٹے اور من گھڑت الزامات لگائے ہیں، مائنز اینڈ منرلز بل کے حوالے سے وفاق کیساتھ کوئی معاہدہ نہیں ہواہے۔
