ملکی معیشت مکمل طور پر ڈیجیٹائز

ملکی معیشت مکمل طور پر ڈیجیٹائز کرنےکافیصلہ،وزارتوں کوٹاسک تفویض

ویب ڈیسک: حکومت کی جانب سے نیا اقدام اٹھاتے ہوئے ملکی معیشت مکمل طور پر ڈیجیٹائز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس سلسلے میں اداروں اور وزارتوں کو ٹاسک تفویض کر دیئے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی معیشت مکمل طور پر ڈیجیٹائیز کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی معیشت کی بہتری اور غیر رسمی مساوی معیشت کا خاتمہ حکومت کے اصلاحات کے ایجنڈے کا کلیدی جزو ہے، اسی لئے وزارتوں اور اداروں کو یہ ٹاسک سونپ رہا ہوں۔
ذرائع کے مطابق وزیرِاعظم شہبازشریف کی زیر صدارت ملکی معیشت کی ڈیجیٹائیزیشن کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، علی پرویز ملک، شزا فاطمہ خواجہ، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی، گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد میں آئی سی ٹی ایپلی کیشن کا اجراء کیا گیا ہے جس میں 150 سے زائد حکومتی خدمات میسر ہیں، راست گیٹ وے کے ذریعے ادائیگیوں کے حجم میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے، جبکہ حکومت سٹیٹ بینک کے ساتھ مل کر اس کا روزمرہ کی ٹرانزیکشنز میں استعمال بڑھانے کے لیے اقدامات تیز کر رہی ہے۔
شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت کی بہتری اور غیر رسمی مساوی معیشت کا خاتمہ حکومت کے اصلاحات کے ایجنڈے کا کلیدی جزو ہے، اصلاحات کو مربوط اور اداروں کی سطح پر کر رہے ہیں تاکہ تبدیلی پائیدار اور دیر پا ہو، پاکستان کی ترقی کیلئے نظام کو جدید خطوط پر استوار کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے ان تمام اقدامات کے نفاذ اور نگرانی کیلئے فی الفور ایک ورکنگ گروپ تشکیل دینے کی ہدایت کی، انہوں نے متعلقہ حکام کو ملکی معیشت کی ڈیجیٹائزیشن کیلئے فی الفور ایک متحرک ورکنگ گروپ قائم کرنے کی ہدایت کر دی۔
شہباز شریف نے رمضان پیکیج کی ترسیل کیلئے ڈیجیٹل والٹ کے کامیاب نظام کو سراہا اور اس کو مزید سیکٹرز میں استعمال کرنے کی ہدایات دیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ حال ہی میں وزیراعظم کی ہدایت پر رمضان پیکیج کو مکمل طور پر ڈیجیٹل طریقے سے لوگوں تک پہنچایا گیا، اجلاس کو معیشت کی ڈیجیٹائزیشن کیلئے جاری اقدامات اور مستقبل کے اقدامات اور تجاویز پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں حکومت ڈیجیٹل ادائیگیوں کی وصولی یقینی بنانے، کیش کے مقابلے ڈیجیٹل ادائیگیوں کی ترغیب دینے کیلئے خریداروں اور کاروباروں کو مختلف سہولیات دینے، حکومتی ادائیگیوں کو مکمل طور پر ڈیجیٹائیز کرنے اور اس حوالے سے آگاہی کے ساتھ ساتھ ڈیٹا کی مانیٹرنگ کے لائحہ عمل سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ وفاقی حکومت کی تمام تر سرکاری ادائیگیاں بشمول تنخواہ اور دیگر بلنگ ڈیجیٹل نظام کے تحت کی جا رہی ہیں۔
یاد رہے حکومت کی جانب سے نیا اقدام اٹھاتے ہوئے ملکی معیشت مکمل طور پر ڈیجیٹائز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس سلسلے میں اداروں اور وزارتوں کو ٹاسک تفویض کر دیئے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں:  ہری پور میں پاک فوج سے یکجہتی اور عمران خان کی رہائی کیلئے ریلی کا انعقاد