ویب ڈیسک: پاکستان اور ہنگری کے درمیان مختلف مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کرنے کی تقریب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جہاں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ہنگری کے وزیر خارجہ نے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے۔
دونوں ممالک کے درمیان ویزا فری ڈپلومیٹک پاسپورٹ کے شعبے اور آثار قدیمہ اور ثقافتی ورثے کے شعبے میں بھی ایم او یو پر دستخط کئے گئے۔
ہنگری کے وزیر خارجہ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ہنگری کے وزیر خارجہ کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں، پاکستان اور ہنگری کے درمیان ثقافتی تعاون فروغ پا رہا ہے، دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات مضبوط ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہنگری اور پاکستان کے درمیان مشترکہ کمیشن کا تیسرا اجلاس بہت اہمیت کا حامل ہے، ہنگری کے سرمایہ کاروں کیلئے پاکستان میں وسیع مواقع موجود ہیں، جی ایس پی پلس کیلئے حمایت پر ہنگری کے شکرگزار ہیں۔
ہنگری کے وزیر خارجہ نے کہا کہ شاندار میزبانی پر حکومت پاکستان کے شکرگزار ہیں، پاکستان کے ساتھ مزید مضبوط تعلقات کے خواہاں ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوئے، ثقافت اور آثار قدیمہ کے شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے۔
