ویب ڈیسک: امریکہ نے ایرانی تیل درآمد کرنے والی کمپنیوں پر پابندیاں لگا دیں، یہ اقدام ایران پر دباو بڑھانے کیلئے اٹھایا گیا ہے۔
امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق ایران پر دباؤ بڑھانے کے لیے کچھ شپنگ کمپنیوں اور آئل ٹینکرز پر پابندیاں لگائی گئی ہیں، جن میں چین میں کام کرنے والی آزاد چھوٹی آئل ریفائنریز شامل ہیں۔
امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق چین میں کام کرنےوالی آئل ریفائنریز 1 ارب ڈالر سے زائد کے ایرانی خام تیل کی خریداری میں شامل ہیں، چین ایران پر امریکی پابندیوں کو تسلیم نہیں کرتا اور چین ایرانی تیل کا سب سے بڑا درآمد کنندہ ہے۔
یاد رہے چین اور ایران کے درمیان تجارت زیادہ تر ڈالر کے بجائے چینی کرنسی میں ہوتی ہے۔ اس سے قبل گزشتہ دنوں بھی امریکا نے ایرانی تیل کی غیر قانونی فروخت روکنے کیلئے نئی پابندیاں عائد کی تھیں، تاہم اب کی بار امریکہ نے ایرانی تیل درآمد کرنے والی کمپنیوں پر پابندیاں لگا دیں۔
