ویب ڈیسک: ملک کے تین بڑے شہروں پشاور، لاہور اور کراچی میں بہادری، قربانی اور شاندار خدمات کے اعتراف میں پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو فوجی اعزازات سے نواز دیا گیا، اس سلسلے میں پروقار تقریبات منعقد ہوئیں، او ران تقریبات میں پاک فوج کے اعلیٰ افسران، شہدا کے اہل خانہ اور اعزاز یافتگان کے رشتہ داروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پشاور میں ہونے والی تقریب میں کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری نے دو شہید جونیئر کمیشنڈ آفیسرز اور 47 سپاہیوں کے اہل خانہ کو تمغہ بسالت سے نوازا۔ علاوہ ازیں 4 افسران کو ستارہ امتیاز (ملٹری) اور 11 افسران کو تمغہ امتیاز (ملٹری) عطا کیا گیا۔
لاہور میں کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ، ہلال امتیاز (ملٹری) نے تین جونیئر کمیشنڈ آفیسرز اور 24 سپاہیوں کو مادرِ وطن کے لیے ان کی عظیم قربانیوں پر تمغہ بسالت سے نوازا۔ اس موقع پر 28 افسران کو ستارہ امتیاز (ملٹری) اور 72 افسران کو تمغہ امتیاز (ملٹری) دیا گیا۔ شہدا کے اعزازات بعد از مرگ ان کے قریبی رشتہ داروں کو پیش کیے گئے۔
کراچی میں کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل محمد اویس دستگیر کی زیرِ صدارت ہونے والی تقریب میں 10 افسران کو ستارہ امتیاز (ملٹری)، 4 افسران کو تمغہ امتیاز (ملٹری) اور 16 سپاہیوں کو تمغہ بسالت سے نوازا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تینوں تقریبات میں شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور قومی سلامتی اور دفاع کے لیے پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا گیا۔
