ویب ڈیسک: پی ٹی آئی کا غیر فعال عہدیداروں کی چھٹی کرانے کا فیصلہ، انٹراپارٹی انتخابات کیلئے شرائط پوری کی جا رہی ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف نے صوبہ بھر میں غیر فعال عہدیداروں کی چھٹی کا فیصلہ کرلیا ہے 9مئی کے بعد پارٹی کیساتھ کھڑے نہ رہنے والے اور8فروری کے انتخابات میں پارٹی امیدواروں کیخلاف مہم چلانے والے امیداروں کو پارٹی سے فارغ کیاجائیگا۔
پاکستان تحریک انصاف میں 2012کے بعد انٹرا پارٹی انتخابات مکمل نہیں ہوئے ہیں جبکہ الیکشن کمیشن کی شرط پوری کرنے کیلئے کچھ عرصہ بعد انتخابات کرائے جاتے ہیں، تاہم گراس روٹ سطح پر پارٹی انتخابات نہیں کرائے جا سکے۔
پی ٹی آئی کی آخری تنظیم سازی پرویز خٹک کے دور میں ہوئی تھی جب عمران خان نے انہیں صوبائی صدر بنایا تھا، تب سے اب تک بڑی تعداد میں وہی ضلعی صدور اور جنرل سیکرٹری کام کررہے ہیں۔
پی ٹی آئی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات ملک عدیل اقبال کے مطابق پارٹی میں غیر فعال عہدیداروں کو فارغ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، ریجنل صدور کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے ریجن میں غیر فعال ضلعی صدر اور جنرل سیکرٹری سمیت کابینہ ممبران کی نشاندہی کریں۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے بعد غائب ہونیوالے اور 8فروری کے انتخابات میں پارٹی امیدوار کیخلاف مہم چلانے والوں کی بھی چھٹی کی جائیگی جس کے بعد اگلے مرحلے میں نئی تقرریاں کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
