ملک سے دہشتگردی کو جڑ

ملک سے دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے جہاد جاری رہیگا، شہبازشریف

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دشمن ہماری معاشی کامیابیوں سے خوفزدہ ہیں، دہشتگردوں کو ایسی عبرتناک شکست دیں گے کہ وہ آئندہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات بھی نہیں کرسکیں گے، ملک سے دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے ہمارا جہاد جاری رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق امن و امان کی صورتحال پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت وزیراعظم شہباز شریف کر رہے تحے، اجلاس میں‌ملک میں امن و امان کے قیام کے حوالے سے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔جائزہ اجلاس میں وفاقی وزرا اعظم نذیر تارڑ، محسن نقوی، احد چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی روابط رانا ثناءاللہ، وزیر مملکت طلال چوہدری نے شرکت کی۔
اس کے علاوہ اجلاس میں وزیر داخلہ گلگت بلتستان شمس الحق، وزیر داخلہ آزاد کشمیر وقار نون، چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے چیف سیکریٹریز اور آئی جیز سمیت چیف کمشنر اسلام آباد اور دیگر متعلقہ سرکاری اداروں کے افسران بھی موجود ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کو ایسی عبرتناک شکست دیں گے کہ وہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکیں گے، دشمن ہماری معاشی کامیابیوں سے خوفزدہ ہیں، دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کیلئے تمام اداروں اور صوبوں کی کوششیں لائق تحسین ہیں، ملک سے دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے ہمارا جہاد جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے وفاقی حکومت صوبوں کی استعداد بڑھانے کیلئے تعاون کرے گی، تمام اختلافات بھلا کر دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مل کر کام کرنا ہے، سکیورٹی فورسز کے جوان دہشت گردوں سے نبرد آزما اور جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سمگلنگ کے خلاف تمام ادارے اپنی کوششیں مزید تیز کریں، انسانی سمگلنگ کے نیٹ ورک کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جائے، اور انسانی سمگلروں کو قانون کے شکنجے لایا جائے۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ ملک کے اہم شہروں میں سیف سٹی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے، دہشت گردی کے خلاف وفاق اور صوبوں کا ملکر کام کرنا خوش آئند ہے۔ دوران اجلاس بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیکٹا میں قومی و صوبائی انٹیلی جنس فیوژن اینڈ تھریٹ اسیسمنٹ مرکز قائم کیا جا چکا، پنجاب کے 10 شہروں میں سیف سٹی منصوبہ کام کر رہا ہے، کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، میرپور خاص اور نوابشاہ میں سیف سٹی منصوبے لگائے جا رہے ہیں۔
اجلاس میں‌ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پشاور میں سیف سٹی منصوبہ منظور ہو چکا ہے، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، لکی مروت میں سیف سٹی منصوبے لگائے جائیں گے، گوادر سیف سٹی منصوبہ جلد مکمل کر لیا جائے گا، قومی شاہراہ 25 N اور قومی شاہراہ 40 N پر واقع تمام اہم شہروں میں سیف سٹی منصوبہ لگایا جائے گا۔ اس کے علاوہ سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے مختلف شاہراہوں اور پلوں پر ڈیجیٹل انفورسمنٹ سٹیشنز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے، اہم شہروں کے گردونواح میں غیر قانونی تعمیرات ختم کرنے کیلئے کارروائیاں ہو رہی ہیں۔

مزید پڑھیں:  پشاور: گلبہار پولیس کی کارروائی، منشیات سپلائی میں ملوث 5ملزمان گرفتار