ویب ڈیسک: مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس عدالتی احکامات کا مذاق اڑا رہی ہے، سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں کے ساتھ روا رکھا گیا سلوک قابل مذمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت 26 ویں آئینی ترمیم کی آڑمیں اڈیالہ جیل کے سامنے عدلیہ کی آزادی کا جنازہ نکال رہی ہے، عدلیہ 26 ویں ترمیم کی زنجیروں کو توڑ کر آئین و قانون کی پامالی کا نوٹس لے،ان کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے ان کی بہنوں کی ملاقات ان کا آئینی وقانونی حق ہے، ایسے میں ان کے ساتھ روا رکھا گیا سلوک قابل مذمت ہے۔
صوبائی مشیر نے کہا کہ ملاقات کے بجائے عمران خان کی بہنوں کو گرفتار کر کے ویرانے میں چھوڑ دینا ، عدالتی احکامات کا مذاق اور توہین عدالت ہے، حواس باختہ حکومت بانی پی ٹی آئی کی بہنوں سے بھی خوفزدہ ہے۔ یاد رہے کہ انہوں نے کہا تھا کہ عمران خان کی بہنوں کے ساتھ روا رکھا گیا سلوک انتہائی نامناسب اور قابل مذمت ہے۔
