ویب ڈیسک: دریائے کابل اور منسلک دریاؤں میں 18 تا 20 اپریل شدید سیلابی صورتحال کے خدشہ کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا طاقتور سلسلہ آج رات صوبہ کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے جا رہا ہے، جس سے بالائی خیبر پختونخوا میں شدید بارش اور موسمی سرگرمیوں سے دریائے کابل اور منسلک دریاؤں میں سیلابی ریلوں کا خدشہ منڈلانے لگا ہے۔
اس حوالے سے پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات اٹھانے کے لیے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد اور مال مویشی رکھنے والے کسانوں کو بھی خبردار کر دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے رپورٹ کے مطابق ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کو الرٹ رہنے اور آلات کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ اس کے ساتھ تمام اداروں کو سڑکوں سے رکاوٹیں دور کرنے اور ایمرجنسی آلات کی قبل از وقت تنصیب کی ہدایت بھی کر دی گئی ہے۔
الرٹ میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی اپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے، ترجمان پی ڈی ایم اے نے عوام کو کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع 1700 پر دینے کی ہدایت کی ہے۔
