ویب ڈیسک: افغانستان میں امریکی ہتھیاروں بارے برطانوی میڈیا نے نیا پینڈورا باکس کھول دیا، اس سلسلے میں برطانوی ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ افغان طالبان نے امریکی فوج کے چھوڑے گئے 5 لاکھ ہتھیار دہشت گردوں کو بیچ دیے۔
اس حوالے سے جاری برطانوی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد 5 لاکھ ہتھیار گم ہوئے، یہ گم ہونے والے امریکی ہتھیار بیچ دیے گئے یا دہشت گرد گروپوں کو سمگل کیے گئے۔
افغانستان میں امریکی ہتھیاروں بارے برطانوی میڈیا کی جاری رپورٹ میں اقوام متحدہ کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ افغانستان میں چھوڑا گیا امریکی اسلحہ کالعدم تنظیم القاعدہ سے منسلک تنظیموں کے پاس بھی گیا، ان تنظیموں کو افغانستان میں امریکی ہتھیاروں تک رسائی حاصل رہنے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ طالبان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کمیٹی کو بتایا کہ فوجی ساز و سامان میں سے کم از کم نصف کا حساب نہیں دے سکتے، سلامتی کونسل کی کمیٹی کے اہلکار کا کہنا ہے کہ افغانستان میں 5 لاکھ کے قریب فوجی ساز و سامان کا کچھ پتا نہیں ہے۔ برطانوی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ طالبان نے 2021 میں افغانستان میں ٹیک اوور کے بعد تقریباً 10 لاکھ ہتھیار، فوجی ساز و سامان اپنے قبضے میں لئے تھے۔
طالبان حکومت کے نائب ترجمان حمد اللہ فطرت نے برطانوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہتھیاروں کے تحفظ اور ذخیرہ کرنے کے معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہیں، تمام ہلکے اور بھاری ہتھیار پورے طریقے سے محفوظ ہیں، سمگلنگ یا نقصان کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہیں۔
