ویب ڈیسک: سرکاری سکیم کے تحت رواں سال 89ہزار عازمین حج کا فریضہ ادا کریں گے، عازمین کیلئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ سرکاری حج سکیم کے تحت رواں سال 89ہزار عازمین فریضہ حج ادا کریں گے، جن کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں، عازمین کو دی جانیوالی سہولیات میں رہائش، خوراک، صحت اور ٹرانسپورٹ وغیرہ شامل ہیں۔
سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ ملک بھر میں عازمین حج کی تربیت کا عمل جاری ہے تاکہ وہ مکمل تیاری کے ساتھ مقدس سفر پر روانہ ہوں، ان کا کہنا تھا کہ عازمین کی مکمل تربیت نہایت ضروری ہے تاکہ وہ مناسک حج درست طریقے سے ادا کر سکیں۔
وفاقی وزیر نے بتایا ہے کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں عازمین حج کی رہائش کے لیے معیاری انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ انہیں ٹرانسپورٹ کی بہترین سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔
