ویب ڈیسک: الیکشن دھاندلی کیس کیخلاف عمر ایوب کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیدی گئی، اس حوالے سے عدالت نے اپنا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے این اے 18 ہری پور پر الیکشن دھاندلی کیس کیخلاف عمر ایوب کی درخواست پر تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئےاسے ناقابل سماعت قرار دیدیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی جانب سے 6 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا گیا ہے، جس میں عدالت نے قرار دیا ہے کہ عمر ایوب کی درخواست اس عدالت کے سامنے قابل سماعت نہیں، عدالت نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ کیس کے میرٹ پر کوئی فائنڈنگ نہیں دی جا رہی۔
اس کے ساتھ ہی عدالت نے الیکشن کمیشن کو حکم دیا کہ وہ عمر ایوب کے خلاف درخواست پر قانون کے مطابق فیصلہ کرے اور فریقین کو سن کر کارروائی کو آگے بڑھائے۔ یاد رہے کہ عدالت نے جولائی 2024 سے جاری حکم امتناع کو ختم کر دیا ہے، جو عمر ایوب کی درخواست پر الیکشن کمیشن کی کارروائی روکنے کے لیے جاری کیا گیا تھا۔
عدالت نے الیکشن کمیشن کو ہدایت کی ہے کہ فریقین کو سماعت کا مکمل حق دے کر قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے۔ ساتھ ہی فیصلے کی کاپی الیکشن کمیشن کو بھی بھیجنے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ وہ نوٹس جاری کر کے کارروائی کو آگے بڑھا سکے۔
فیصلے کے مطابق عمر ایوب نے دھاندلی کی تحقیقات کے لیے الیکشن کمیشن کا 10 جولائی کا آرڈر چیلنج کیا تھا، جس پر عدالت نے حکم امتناع جاری کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کی کارروائی روک دی تھی۔
