پہاڑی علاقوں میں تعمیرات منظم

خیبرپختونخوا: پہاڑی علاقوں میں تعمیرات منظم کرنے کا فیصلہ، ورکنگ گروپ تشکیل

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے پہاڑی علاقوں میں تعمیرات منظم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس مقصد کیلئے ورکنگ گروپ تشکیل دیدیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کی جانب سے اس حوالے سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی کو باضابطہ مراسلہ ارسال کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں بے ترتیب اور بے ہنگم تعمیرات کے نتیجے میں ماحولیاتی مسائل میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ ان مسائل سے نمٹنے کے لیے پہاڑی علاقوں میں تعمیرات منظم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اور یہ اقدام ناگزیر بھی ہو چکا ہے۔ پہاڑی علاقوں میں تعمیرات کے بہتر انتظام کے لیے مخصوص اور جامع گائیڈ لائنز پر عمل درآمد ضروری ہے۔
وزیراعلی سیکرٹریٹ سے جاری مراسلہ میں متعلقہ محکموں، اداروں اور ماہرین پر مشتمل ایک ورکنگ گروپ بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، جو ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی کی سربراہی میں کام کرے گا۔ یہ گروپ “ماونٹین آرکیٹیکچر گائیڈ لائنز” کے عنوان سے لاجورد نامی نجی تنظیم کی جانب سے شائع کردہ تحقیقاتی دستاویز کا تفصیلی جائزہ لے گا۔
مراسلہ کے مطابق ورکنگ گروپ ان گائیڈ لائنز کو ماحولیاتی، ثقافتی اور تعمیراتی تقاضوں کے مطابق ڈھالے گا، اور ان کو صوبائی قوانین اور قواعد و ضوابط کا حصہ بنانے کے لیے ضروری ترامیم تجویز کرے گا۔
مراسلے کے مطابق ورکنگ گروپ پہاڑی علاقوں میں موجودہ اور نئی تعمیرات میں ان رہنما اصولوں کے مالی پہلوؤں کا بھی جائزہ لے گا، اور مرحلہ وار ان گائیڈ لائنز کو صوبے کے تمام پہاڑی علاقوں تک توسیع دینے کے لیے حکمت عملی تیار کرے گا۔
یہ اقدام وزیر اعلیٰ کی ماحولیاتی تحفظ اور منصوبہ بند ترقی کے ویژن کی ایک اہم کڑی کے طور پر سامنے آیا ہے، جس کا مقصد پہاڑی علاقوں کی خوبصورتی، ثقافت اور قدرتی وسائل کا تحفظ کرتے ہوئے پائیدار تعمیرات کو فروغ دینا ہے۔

مزید پڑھیں:  چین کا ڈرون بردار ڈرون طیارہ جیو تیان مشن پر جانے کے لئے تیار