ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کی تاجر تنظیموں نے فلسطین سے اظہار یک جہتی کے لئے 26 اپریل کو صوبے بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے ۔
جمعیت بزنس فورم کے سینئر نائب صدر مشتاق احمد خلیل نے اس حوالے سے بتایا کہ 26اپریل کو پشاور سمیت صوبے بھر میں ہڑتال ہوگی جبکہ صوبہ بھر کی تاجر تنظیموں نے فلسطین سے اظہار یکجہتی کیلئے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی حمایت کا اعلان کردیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ 24 اپریل کو پشاور میں خصوصی اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے اور ہڑتال کے لیے انتظامات شروع کر دیے گئے ہیں، پرامن ہڑتال کے ساتھ ساتھ اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کے لیے سوشل میڈیا کا استعمال بھی کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تاجر تنظیموں سے رابطے شروع کیے گئے ہیں اور تاجر تنظیموں کے سربراہوں نے مارکیٹ بند کرنے یقین دہانی کرائی ہے اور پشاور سمیت صوبے بھر میں ہڑتال کامیاب ہوگی۔
مشتاق احمد خلیل نے کہا کہ ہڑتال کے لیے پشاور کے تمام بڑی تاجر تنظیموں نے حمایت کا اعلان کر دیا ہے اور ہڑتال کے سلسلے میں ٹرانسپورٹرز سے بھی رابطے شروع کیے گئے ہیں۔
