ویب ڈیسک: سکیورٹی خدشات کے پیش نظر شمالی وزیرستان میں کرفیو دوسرے روز بھی نافذ رہا، ضلعی انتظامیہ کے مطابق صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک کرفیو نافذ رہے گا، تمام مین شاہراہوں پر آمدورفت معطل رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر کرفیو دوسرے روز بھی نافذ رہا، اس دوران ضلعی انتظامیہ کا کہناہے کہ کرفیو کے دوران صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک تمام مین شاہراہوں پر آمدورفت معطل رہے گی۔
حکام کے مطابق کرفیو کا فیصلہ علاقے میں موجود سکیورٹی خطرات کے باعث کیا گیا، شہریوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ کرفیو کے اوقات میں مکمل تعاون کریں، سفر کیلئے متبادل راستوں کا استعمال کریں۔ شمالی وزیر ستان انتظامیہ نے گزشتہ روز دہشت گردوں کی ممکنہ نقل و حرکت کی اطلاع ملنے کے بعد سکیورٹی خدشات کے باعث رزمک، میرم شاہ اور میرعلی میں کرفیو نافذ کیا تھا۔
ضلعی حکام کے مطابق اتوار کی صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک میرم شاہ سے بنوں تک، کوٹ پل سے ڈنکین تک اور میلوگئی پل تک کرفیو نافذ رہا۔
اس حوالے سے حکام کا کہنا ہے کہ سکیورٹی وجوہات کی بنا ء پر کرفیو لگانا ضروری تھا، یہ اقدام احتیاطی تدابیر کے طور پر اٹھایا گیا ہے، سکیورٹی اداروں کی طرف سے صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے،دوسری جانب مقامی افراد نے حکم نامے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرفیو کے دوران تجارتی سرگرمیاں معطل ہوگئی ہیں۔
