جمیعت کا آزاد حزب اختلاف

جمیعت کا آزاد حزب اختلاف کا کردار ادا کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک: جمعیت علمائے اسلام (ف) نے پی ٹی آئی یا اتحادی حزب اختلاف کے حوالے سے حتمی فیصلہ کرلیا ہے، جس کے تحت بتایا گیا ہے کہ تحریک انصاف سے اتحاد کی بجائے جمیعت کا آزاد حزب اختلاف کا کردار ادا کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔
اپنی مجلس عمومی کے دو روزہ اجلاس میں اس حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ وہ تحریک انصاف کےساتھ اتحاد نہیں کرے گی اور نہ ہی کسی ایسے اتحاد میں شامل ہوگی جو تحریک انصاف کے ایما پر قائم کیا جائے گا۔
لاہور میں منعقدہ مجلس عمومی کے دو روزہ اجلاس میں جے یو آئی نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ وہ پارلیمنٹ میں آزاد حزب اختلاف کا کردار ادا کرتی رہے گی وہ حکومت کا حصہ نہیں بنے گی اور پارلیمنٹ میں زیر غوآنے و الے معاملات کاجائزہ لیتی رہے گی اور باوقت ضرورت تحریک انصاف کے ساتھ تعاون کرنے یا نہ کرنے کا تعین ہوگا۔
جمعیت علمائے اسلام کے ذرائع نے بتایا ہے کہ جے یو آئی کے زیر اہتمام 27؍ اپریل کو مینار پاکستان کے سبزہ زار پر ’’اسرائیل مردہ باد‘‘ ریلی ہوگی، اسی طرح 10 مئی کو پشاور اور 17 مئی کو کوئٹہ میں ’’اسرائیل مردہ باد‘‘ کے اجتماعات ہوں گے۔
جے یو آئی نے پنجاب میں نہریں نکالے جانے کے معاملے میں اپنی سندھ تنظیم کے موقف کی تائید کا فیصلہ کیا ہے اور طے کیا ہے کہ پارٹی کی مرکزی تنظیم اس بارے میں کوئی راہ عمل اختیار نہیں کرے گی۔ منرلز اور مائنز کے قانون کے سلسلے میں جمعیت علمائے اسلام صوبوں کے آئینی مفادات کا تحفظ کرے گی۔
رہنما جمعیت علماء اسلام حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ ہم اس وقت اپوزیشن اتحاد کے حق میں نہیں۔ حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ آج جے یو آئی کے مرکزی مجلس اجلاس میں ہزاروں ممبر شریک ہوئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی اکثریت جیل میں ہےاس لیےان کے ساتھ کھڑانہیں ہوا جا سکتا، 3ماہ سے زیادہ ہو گئے ، پی ٹی آئی نے ہمارے تحفظات کا جواب نہیں دیا، ابھی بھی پی ٹی آئی سے اعتماد کا فقدان ہے، پارلیمنٹ میں ایشو ٹو ایشو پی ٹی آئی کیساتھ چل سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں:  حملے کے بعد بھارتی فضائیہ نے کتنے طیارے کھوئے؟ راہول گاندھی کا سوال