ویب ڈیسک: خیبر پختونخو ا اسمبلی کے جرگہ ہال میں خیبر پختونخوا مائنز اینڈ منرلز بل پر بریفنگ بے نتیجہ ختم ہو گیا ۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا مائنز اینڈ منرلز بل 2025پر اختلافات ختم کرانے کے لئے صوبائی اسمبلی جرگہ ہال میں بل پر بریفنگ کا اہتمام کیا گیا جس میں قبائلی اضلاع کے اراکین کو بریفنگ میں شرکت کے لئے قائل کرنے کی کوشش کی گئی۔
اس موقع پر ضم اضلاع سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کے علاوہ اپوزیشن ارکان کی جانب سے بھی شدید تحفظات کا اظہار کیاگیا ۔
عوامی نیشنل پارٹی نے بریفنگ سے واک آئوٹ کرتے ہوئے مائنز اینڈ منرلز بل کو مسترد کردیا ۔
عوامی نیشنل پارٹی کے ایم پی اے نثار باز خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا مائنز اینڈ منرلز بل اسمبلی میں پیش ہوچکا ہے لیکن بل پیش ہونے کے بعد اسمبلی کا کوئی اجلاس نہ ہوسکاہم نے بریفنگ کا بائیکاٹ کیا ہم اس بل کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بل 18ویں ترمیم اور صوبائی خود مختاری کے خلاف ہے ،صوبے کے معاملے پر اسلام آباد میں سمٹ بلانا غلط ہے اس بل کے خلاف بھرپور تحریک چلائیں گے۔
دوسری جانب صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم نے کہا کہ سول سوسائٹی، وکلا، اراکین اسمبلی کو دعوت دی گئی تھی ،پارلیمنٹیرینز کا مطالبہ تھا کہ بل کی ہارڈ کاپی فراہم کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ شرکا ء نے اپنی تجاویز پیش کی ،وزیراعلیٰ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو بریف کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وفاق کو اختیارات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا،سیاسی کمیٹی بھی بانی کو بریف کرے گی اس کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔
