ویب ڈیسک: بنوں میں سرکاری سٹور سے 47لاکھ کی ادویات و مشینری چوری ، چوری کا یہ واقعہ 13 اور 15 اپریل کو پیش آیا، معاملے کی تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق بنوں کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے سٹور سے دوائیں، مشینری اور دستاویزی ریکارڈ کی بڑی چوری کی تحقیقاتی رپورٹ سامنے آگئی ہے، اس حوالے سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بنوں میں سرکاری سٹور سے 47لاکھ کی ادویات و مشینری چوری ہونے کا یہ واقعہ 13 اور 15 اپریل کو پیش آیا، جس میں چوکیدار محمد انیس اور ایک نجی شخص خان فراز نے مل کر سرکاری گاڑی کا استعمال کرتے ہوئے دوائیں اور دیگر قیمتی اشیاء چرائیں۔
تحقیقاتی کمیٹی نے اس معاملے کی تفصیلی چھان بین کی اور ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی سفارشات پیش کی ہیں۔ تحقیقاتی رپورٹ کے اہم نکات کے مطابق چوکیدار محمد انیس اور خان فراز نے 13 اور 15 اپریل کی رات کو مرکزی میڈیکل سٹور کے پچھلے شٹرز توڑ کر دوائیں اور دستاویزی ریکارڈ کو چرایا، سی سی ٹی وی فوٹیج میں دونوں افراد کو سرکاری گاڑی میں دوائیں لے جاتے دیکھا گیا ہے۔
چوری کی گئی دوائیں اور دیگر اشیاء کی مالیت 42لاکھ48ہزار234 روپے بتائی گئی ہے جس میں سے صرف 4لاکھ67ہزار405 روپے کی دوائیں واپس مل سکی ہیں۔ چوکیدار محمد انیس نے اپنے بیان میں اعتراف کیا کہ اس نے اور خان فرازنے دوائیں چوری کیں اور انہیں بازار میں فروخت کیا۔
انکوائری رپورٹ کے مطابق چوکیدار فرمان کی ڈیوٹی کے دوران غیر حاضر ہونے کی وجہ سے چوری کا واقعہ پیش آیا ہے۔ چوری کا کل نقصان 37 لاکھ80ہزار829 روپے ہے جو محمد انیس، خان فراز اور باز محمد خان سے وصول کیا جائے، انکوائری کمیٹی کی جانب سے کارروائی کیلئے کی گئی سفارشات کے مطابق محمد انیس کے خلاف ڈسپلنری ایکشن لیتے ہوئے انہیں ملازمت سے برطرف کیا جائے جبکہ باز محمد خان کیخلاف بھی اعلیٰ اتھارٹی کو ڈسپلنری کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔
