ویب ڈیسک: 67ہزار عازمین حج کا معاملہ لٹک گیا، سعودی حکومت کا پورٹل بند ہو چکا، اب وہ مزید عازمین کو اجازت دینے پر آمادہ نہیں، حج آپریٹرز کی وزیراعظم سے مداخلت کی اپیل۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار یوسف نے کہا ہے کہ سعودی حکومت کا پورٹل بند ہو چکا ہے، اس کے بعد اب وہ مزید عازمین کو اجازت دینے پر آمادہ نہیں، جبکہ اس دوران نجی حج عازمین میں سے 23ہزار 620 کی کلیئرنس ہو چکی ہے، اور اس میں بھی 13 ہزار عازمین کو حکومتی کوششوں سے حج کا پروانہ مل سکا ہے اور وہ فریضہ حج ادا کر سکیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حج کی سعادت حاصل نہ کر سکنے والے عازمین جنہوں نے ادائیگی جاری طریقہ کار کے مطابق سعودی حکام کو کی ہے، ان کی رقم واپس ہو جائے گی۔
ادھر حج آرگنائزرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ناصر خان نے کہا کہ حکومت نے پچھلے سال اپنا سرکاری حج کا کوٹا پورا نہیں کیا، جبکہ اس سال وہ اپنا کوٹہ پورا کرنے میں مصروف رہی، اس کے بعد ہمیں اشتہار چلانے کی اجازت دی، اس لیے ہمیں تاخیر ہو گئی۔ اس معاملے میں وزیراعظم سعودی ولی عہد سے بات کریں تو معاملہ حل ہو سکتا ہے۔
یاد رہے کہ رواں سال 10 ہزار حج کوٹہ ملنے کے باجود پرائیویٹ حج سکیم کے 67 ہزار عازمین حج فریضہ حج کی سعادت سے محروم ہو جائیں گے۔ 10ہزار کا کوٹہ ملنے کے بعد نجی سکیم کے تحت فریضۃ حج ادا کرنے کے خواہشمند عازمین حج کی تعداد 24 ہزار ہوگئی اور مزید 67 ہزار کی بکنگ کی جاچکی، جبکہ حج آرگنائزرز نے 70کروڑ ریال بھی سعودی عرب بھجوا دیے۔ مزید برآں اس معاملے پر وزیراعظم سے مداخلت کی اپیل کی گئی ہے، پاکستان کا کل حج کوٹہ ایک لاکھ 79 پزار 210 ہے۔ اس میں نصف کوٹہ 89 ہزار 605 سرکاری سکیم جبکہ اتنا ہی حصہ پرائیویٹ حج سکیم کی جھولی میں آیا۔
حج سروسز کے ایگریمنٹس اور ادائیگیاں شیڈول کے مطابق نہ ہونے کی وجہ سے سعودی حکومت نے پرائیویٹ حج سکیم کے صرف 14ہزار عازمین حج کی پیمنٹس قبول کیں۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی وزیر خارجہ کو فون کیا جس کے نتیجے میں سعودی حکومت نے مزید 10 ہزار عازمین کو اجازت دے دی۔ یاد رہے 67ہزار عازمین حج کا معاملہ لٹک گیا، سعودی حکومت کا پورٹل بند ہو چکا، اب وہ مزید عازمین کو اجازت دینے پر آمادہ نہیں، حج آپریٹرز کی وزیراعظم سے مداخلت کی اپیل کی گئی ہے.
