ویب ڈیسک: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب واشنگٹن دورے پر ہیں، اس دوران وزیرخزانہ کی آئی ایم ایف کو اصلاحات جاری رکھنے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔
دورہ واشنگٹن کے دوران وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جورجیوا سے ملاقات کی، اس کے علاوہ انہوں نے عالمی بینک کے صدر اجے بانگا سے بھی ملاقات کی۔
ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف سے ہونے والی ملاقاتوں میں انہوں نے سٹاف سطح کے معاہدے پر اظہار تشکر کیا، پائیدار معاشی استحکام کو یقینی بنانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا اور شعبہ معدنیات میں امریکا کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
وفاقی وزیر نے حکومت پاکستان کی جانب سے ٹیکس، توانائی، نجکاری اور سرکاری اداروں میں کی جانے والی اصلاحات جاری رکھنے کی مکمل یقین دہانی کرائی، عالمی بینک گروپ کے صدر اجے بانگا سے ہونیوالی ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ نے ان کا بھی شکریہ ادا کیا، اس موقع پر ورلڈ بینک کے کنٹری پارٹنر شپ فریم ورک کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
بعد ازاں سینیٹر محمد اورنگزیب نے امریکی محکمہ خزانہ کے اسسٹنٹ سیکرٹری رابرٹ کیپروتھ سے ملاقات کی، اس دوران انہوں نے پاکستان کی معاشی صورتحال سے انہیں آگاہ کیا، امریکی کاروباری شخصیات اور رہنماؤں سے بھی ظہرانے پر وزیرخزانہ نے ملاقات کی۔
اس دوران محمد اورنگزیب نے شرکاء کو پاکستان کے بہتر ہوتے معاشی اشاریوں بارے آگاہ کیا، یاد رہے کہ دورہ واشنگٹن کے دوران وزیرخزانہ کی آئی ایم ایف سے ملاقات کے علاوہ ورلڈ بینک حکام سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔
