ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین کیساتھ سپیس ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کے خواہاں ہیں، پاکستان سپیس ٹیکنالوجی کے شعبے کو انتہائی اہمیت دے رہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے چین سے تعلق رکھنے والی سپیس ٹیکنالوجی کمپنی گلیکسی سپیس کے وفد نے چیئرمین گلیکسی سپیس زومنگ کی قیادت میں ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان سپیس ٹیکنالوجی شعبے کو انتہائی اہمیت دے رہا ہے، جبکہ چین کیساتھ سپیس ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کے خواہاں ہیں، کیونکہ چین ہمارا انتہائی قابل اعتماد دوست اور سٹریٹجک شراکت دار بھی ہے۔
گلیکسی سپیس کے وفد نے پاکستانی سپیس ٹیکنالوجی انڈسٹری میں سرمایہ کاری اور پاکستانی سپیس ٹیکنالوجی کے اداروں اور نجی ٹیلی کام کمپنیوں کے ساتھ مشترکہ منصوبوں کے حوالے سے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
اراکین وفد نے کہا کہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام اور سپارکو کے حکام سے ملاقاتیں انتہائی مفید رہیں، وفد نے پاکستان میں پرتپاک میزبانی پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
