ویب ڈیسک: افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے تحت بھیجے جانیوالے کنٹینر سے منشیات برآمد کر لی گئیں، یہ سامان کابل سے قندھار میں افغان کسٹمز حکام نے کلیئر کیا، اور پھر چمن بارڈر کے ذریعے پاکستان سے کینیڈا بھیجا جانا تھا۔
تفصیلات کے مطابق افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے تحت بھیجے جانیوالے کنٹینر سے منشیات برامد کر لی گئِی ہیں، افیون کی بھاری کھیپ خشک میوہ جات پر مشتمل کنٹینر سے برآمد کی گئی ہے۔ یہ سامان قندھار میں افغان کسٹمز حکام نے کلیئر قرار دیا تھا، اور پھر یہ سامان چمن بارڈر کے ذریعے پاکستان سے کینیڈا بھیجا جانا تھا۔
یہ شپمنٹ سلطان محمد سلطانی ولد نور محمد، سکنہ قندھار کی جانب سے محمد کمپنی امپورٹ ایکسپورٹ، کینیڈا کے لیے بک کروائی گئی تھی۔ اس حوالے سے کی جانیوالی ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ سامان کا اصل مالک قندہار کا رہنے والا افغان شہری ہے، جس کی شناخت افغان حکومت کے ساتھ وزارت خارجہ کے ذریعے واضح کر دی گئی ہے تاکہ مجرم کی گرفتاری عمل میں لائی جا سکے۔
ذرائع کے مطابق 2600 کلو گرام افیون کو خشک میوہ جات کی آڑ میں مہارت سے چھپایا گیا تھا، اے این ایف پی سی یو ٹیم نے ساوتھ ایشیا پاکستان ٹرمینل پر سامان کی مکمل تلاشی لی، جس کے دوران 2600 کلوگرام افیون برآمد ہوئی۔
منشیات کو انتہائی مہارت سے کشمش میں اس طرح ملایا گیاتھا کہ ان کا رنگ اور شکل ایک جیسی تھی، جس سے شناخت کرنا تقریباً ناممکن تھا، مجموعی طور پر 1816 کارٹن میں سے 260 کارٹن سے افیون برآمد ہوئی، ہر کارٹن میں تقریباً 10 کلوگرام افیون ،کشمش کے ساتھ انتہائی مہارت سے ملی ہوئی تھی۔
اینٹی نارکاٹکس فورس نے پیشہ ورانہ صلاحیت سے ان تمام کارٹن کی تلاشی لی، اور ان میں سے افیون نکال باہر کر لی۔ یہ کامیاب کاروائی اے این ایف کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور جدید اسمگلنگ کے حربوں کا مؤثر انداز میں سدباب کرنے کی بھرپور عکاسی کرتی ہے۔
