ویب ڈیسک: سابق سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی نے مقبوضہ کشمیر میں فائرنگ واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فالس فلیگ کا ڈرامہ رچانا بھارتی روایت ہے۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے سابق سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا کہ جب کوئی ایسا واقعہ ہوتا ہے تو بجائے تحقیقات کے بھارت پاکستان پر الزام ڈال دیتا ہے، پاکستان پر انگلیاں اٹھانے کے بجائے بھارت اس واقعے کی مکمل چھان بین کرے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا کا پاکستان کیخلاف پروپیگنڈا من گھڑت اور جھوٹا ہے، فالس فلیگ کا ڈرامہ رچانا بھارتی روایت ہے۔
سابق سیکرٹری خارجہ نے مزید کہا کہ بھارتی ایجنسیاں دہشت گردی کے واقعات میں خود ملوث ہوتی ہیں، بھارت پاکستان کے علاوہ کینیڈا اور امریکا سمیت مختلف ممالک میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں ملوث ہے۔
انہوں نے کہا کہ کلبھوشن کا بلوچستان میں دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث ہونے کا اعتراف اس بات کا واضح ثبوت ہے۔
سابق سیکرٹری خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں چھٹی سنگھ پورہ کا واقعہ بھارتی خفیہ ایجنسیوں نے صدر کلنٹن کے دورے کے موقع پرکیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 30 سے زائد سکھوں کو قتل کیا گیا تھا، اس وقت بھی بھارت نے سکھوں کے قتل کا الزام پاکستان پر لگایا تھا، بعد میں تحقیقات سے ثابت ہوا کہ چھٹی سنگھ پورہ کا واقعہ بھارتی خفیہ ایجنسیوں نے کیا تھا۔
