پیکا ایکٹ میں ترمیم کیخلاف درخواست

پشاور ہائیکورٹ: پیکا ایکٹ میں ترمیم کیخلاف درخواست پر وفاق و دیگر کو نوٹسز جاری

ویب ڈیسک: پشاور ہائی کورٹ نے پیکا ایکٹ میں ترمیم کے خلاف درخواست پر وفاقی حکومت، پی ٹی اے اور پیمرا کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے ایک ماہ میں جواب طلب کرلیا ۔
تفصیلات کے مطابق پشاور ہائیکورٹ میں پیکا ایکٹ میں ترمیم کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی ۔
سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ پیکا ایکٹ میں جھوٹی خبروں پر سزائیں متعارف کرائی گئی ہیں، سیکشن 26 اے سمیت متعدد شقوں میں ترمیم کی گئی ہے۔
وکیل نے کہا کہ ترمیم مبہم ہے، فیک نیوز کی تشریح شامل نہیں، ترمیم میں خلاف ورزی پر سنگین سزائیں مقرر کی گئیں، ارکان اسمبلی اور اداروں کے خلاف بات کرنے پر سزا رکھی گئی ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ترمیم انسانی حقوق، جمہوریت اور احتساب پر حملہ ہے، ترمیم اپوزیشن کی آواز دبانے کی کوشش ہے۔
دلائل سننے کے بعد پشاور ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت ، پی ٹی اے اور پیمرا کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے ایک ماہ میں جواب طلب کر لیا ۔

مزید پڑھیں:  79 کروڑ مالیت کی 794 کنال اراضی کے جعلی انتقالات پر محکمہ ریونیو اہلکار گرفتار