سندھ طاس معاہدہ معطل

سندھ طاس معاہدہ معطل، پاکستانیوں کو فوری ملک چھوڑنے کا حکم

ویب ڈیسک: پاکستان اور بھارت کے مابین ایک بار پھر معاملات الجھ گئے، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی زیر صدارت کابینہ اجلاس کے بعد بھارت کا پاکستان کیساتھ فوری طور پر سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا اعلان کر دیا گیا، اس کےساتھ ہی ویزے منسوخ کر کے پاکستانیوں کو فوری ملک چھوڑنے کا حکم اور اٹاری چیک پوسٹ بند کرنے کا بھی اعلان کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی زیر صدارت کابینہ اجلاس ہوا، جس کے بعد بھارت کی جانب سے تند و تیز لہجہ اپنایا گیا، اجلاس کے بعد پاکستانیوں کو سارک کے تحت ویزے بند کرنے سمیت بھارت کا پاکستان کیساتھ سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا یکطرفہ اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔
بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کی پریس کانفرنس میں اعلان کیا گیا کہ تمام پاکستانیوں کے بھارتی ویزے کینسل کیے جا رہے ہیں، بھارت میں موجود تمام پاکستانیوں کو 48 گھنٹوں کے اندر اندر ملک چھوڑنے کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ پاکستان میں موجود بھارتی شہری یکم مئی تک اٹاری چیک پوسٹ کے راستے واپس آ سکتے ہیں۔
بھارت نے پاکستانی ہائی کمیشن میں تمام دفاعی، فوجی، بحری اور فضائی مشیروں کو ناپسندیدہ قرار دے دیا، جبکہ بھارتی دفاعی اتاشی کو پاکستان سے واپس بلانے کا اعلان بھی کیا گیا ہے، جبکہ پاکستان ہائی کمیشن کے تمام عملے کو 7 روز میں واپس پاکستان جانا ہوگا۔
بھارتی وزارت خارجہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان میں بھارتی ہائی کمیشن کا عملہ محدود کرتے ہوئے 55 کی بجائے 30 کر دیا جائے گا۔بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق بھارت اسلام آباد سے اپنے تمام دفاعی اتاشی واپس بلائے گا، سارک ویزا استشنیٰ کے تحت پاکستانی شہری بھارت کا سفر نہیں کرسکیں گے۔

مزید پڑھیں:  بجٹ 26-2025: پاکستان اور آئی ایم ایف مذاکرات آج شروع ہونگے