ویب ڈیسک: چین امریکہ تعلقات پر جمی برف پگھلنے لگی، امریکہ کے بعد چین کی جانب سے تجارتی مذاکرات کا عندیہ دیدیا گیا ہے، جس سے تجارتی جنگ کی شدت میں کمی واقع ہونے کا امکان ہے۔ چین کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ امریکا کے ساتھ تجارتی مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ بات چیت کے لیے دروازہ پوری طرح کھلا ہے، تجارتی جنگوں میں کوئی فاتح نہیں ہوتا، جبکہ ہم لڑنا نہیں چاہتے لیکن اگر ضرورت پڑی تو آخر تک لڑیں گے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے خبردار کیا کہ ایک طرف امریکا تجارتی معاہدہ کرنے کی خواہش کا اظہار کرتا ہے اور دوسری طرف دباؤ بھی ڈالنا چاہتا ہے، یہ چین سے معاملات طے کرنے کا درست طریقہ نہیں، اس سے معاملات مزید پیچیدہ ہو سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے مثبت بیانات کے بعد چین امریکہ تعلقات پر جمی برف پگھلنے لگی ہے، جبکہ ٹرمپ کے لچکدار رویئے کے بعد چین کی جانب سے بھی تجارتی مذاکرات کا عندیہ دے کر کشیدگی کم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
یاد رہے ک ہامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ چین پرعائد بھاری ٹیرف میں نمایاں کمی کرنے جا رہے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے جنوری میں اپنی دوسری مدتِ صدارت کے آغاز سے 142 فیصد ٹریف عائد کرکے چین کے ساتھ ایک سخت تجارتی جنگ چھیڑ دی تھی۔
امریکی صدر کے اقدامات کے جواب میں چین نے بھی امریکی اشیاء پر 125 فیصد کے بڑے جوابی محصولات نافذ کر کے خطرے کی گھنٹی بجا دی تھی، جس کے باعث دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں بھی اضافہ ہوا۔
